6

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا بڑا دفاعی اجلاس کل استنبول میں ہوگا

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت کمیٹی کا پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا۔

ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی استنبول پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کو استنبول میں جمع ہوں گے۔

ترک وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف کی شرکت متوقع ہے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کے امور سرفہرست ہوں گے۔ اس کے علاوہ تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، مسلح افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور تیاری کے امکانات بھی زیرِ بحث آئیں گے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان طویل المدتی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ اجلاس پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد تینوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کے حوالے سے پہلا اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔