وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں کالجز اور یونیورسٹیز کی طالبات سمیت ملازمت پیشہ خواتین کیلئے الیکٹرک بائیکس (ای وی بائیکس) سکیم شروع کی جارہی ہے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خواتین کو ای وی بائیکس خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی جبکہ سکیم کا پہلا فیز جلد شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ای وی بائیکس کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے الیکٹرک رکشوں کی سکیم بھی متعارف کرائی جائے گی۔ ان کے مطابق ای وی رکشے ماحول کو صاف اور سرسبز رکھنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز شہروں میں الیکٹرک بسوں کی سکیم پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل عوامی مفاد کی تمام اسکیموں پر پیش رفت مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقی بہترین کام کر رہا ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر کام مزید تیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال خیبرپختونخوا کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت عوامی سہولت اور جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ خواتین، طلبہ اور شہریوں کیلئے ماحول دوست سفری سہولیات میں اضافہ ترجیحات میں شامل ہے۔









