9

خیبرپختونخوا پولیس، ہارڈ ایریا الاؤنس منظور، تنخواہوں میں 250 فیصد اضافے اور صوابی و ہزارہ ڈویژنز کے سوا صوبے کے تمام اضلاع کو ہارڈ ایریا کی تجویز

پشاور (سٹاف رپورٹر): خیبرپختونخوا میں انسدادِ دہشت گردی کے فرائض سرانجام دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری سے متعلق سفارشات کی توثیق کر دی گئی ہے، جس پر وفاقی حکومت کی حتمی منظوری کے بعد بنیادی تنخواہوں میں 250 فیصد تک کا نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

پولیس حکام کے مطابق محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے تیار کردہ مسودے کے تحت ضلع صوابی اور ہزارہ ڈویژن کے سوا صوبے کے تمام اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دینے کی باضابطہ تجویز وفاق کو ارسال کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں تنخواہوں کے تفاوت اور صوبے میں سیکیورٹی چیلنجز کے پیشِ نظر ہارڈ ایریا اسٹیٹس کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس کا ابتدائی خط مارچ 2025 میں بھیجا گیا تھا؛ اب وفاقی کابینہ کی حتمی منظوری ملتے ہی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔