5

سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ: گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں کا اجتماعی تعین غیر قانونی قرار، پی وی ایم اے پر 3 کروڑ روپے جرمانہ برقرار

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے گھی اور کوکنگ آئل ساز کمپنیوں کی جانب سے مل کر قیمتیں طے کرنے (پرائس فکسنگ) کے عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کا فیصلہ برقرار رکھا ہے اور پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کو 3 کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس صلاح الدین پنہور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سی سی پی اور کمپٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ تجارتی ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے قیمتوں کا اجتماعی تعین کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ آزاد اور مسابقتی مارکیٹ میں ہر کاروباری ادارے کو اپنی قیمتیں خود مختارانہ طور پر طے کرنی ہوں گی؛ اگر قیمت کم بھی رکھی جائے تب بھی کمپنیوں کا آپس میں مل بیٹھ کر ریٹ مقرر کرنا مسابقت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ عوامی مفاد کی آڑ میں بھی کارٹلائزیشن اور پرائس فکسنگ کو قانونی جواز نہیں دیا جا سکتا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ حکومت کو قیمتوں کے معاملات پر سی سی پی کو بائی پاس کر کے براہِ راست ایسوسی ایشن سے مشاورت نہیں کرنی چاہیے تھی، کیونکہ ایسا اقدام کمپٹیشن قوانین کی خلاف ورزی کی راہ ہموار کرتا ہے۔