چیمبر انتخابات برائے سال 2026-28 کے لیے تمام امیدواروں نے مقررہ وقت کے مطابق اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، جس کے بعد چیمبر کی انتخابی سرگرمیاں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ عروج پر پہنچ گئی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایسوسی ایٹ کلاس کے لیے لگ بھگ 59 جبکہ کارپوریٹ کلاس کے لیے تقریباً 35 امیدواروں نے اپنے نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں۔ جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی حتمی اور الگ الگ تعداد کا باقاعدہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
انتخابی میدان میں دو بڑے روایتی حریف آمنے سامنے ہیں۔ ایک جانب سینیٹر الیاس احمد بلور مرحوم کا گروپ ہے جس کی قیادت سابق صدر غضنفر بلور کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب پشاور بزنس الائنس ہے جس کی سربراہی سابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور سید علی شاہ کر رہے ہیں۔ دونوں گروپس کے قائدین نے اپنے امیدواروں کی بھرپور رہنمائی کی اور اپنی انتخابی مہم کو تیز کر دیا ہے۔ سرحد چیمبر آف کامرس کے ان انتخابات میں دونوں اہم کاروباری اتحادوں کے مابین سخت اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔









