اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جمہوری نظام ناکام نہیں ہوا بلکہ مثبت نتائج دے رہا ہے، اور وزیراعظم و عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ملکی معیشت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی نظام کی کامیابی کا حتمی فیصلہ عوام ہی کرتے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ماضی کے برعکس اب ملکی معاشی صورتحال میں استحکام آ رہا ہے، جبکہ خارجہ محاذ پر پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کر کے عالمی سطح پر اپنی ساکھ اور وقار میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کے نگراں کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری ہے کہ ارکان کی محنت ضائع نہ ہو، اسی لیے وزراء اور سیکرٹریز کی وقفہ سوالات میں حاضری یقینی بنانے کے لیے سختی کی جاتی ہے۔
ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو پارلیمانی کمیٹیوں میں واپس آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹیوں میں شرکت سے اپوزیشن مؤثر انداز میں حکومت کا احتساب اور اصلاحات کی تجاویز دے سکتی ہے۔ نئے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس موضوع پر بحث میں کوئی حرج نہیں، تاہم ہر مسئلے کا پائیدار حل محاذ آرائی اور احتجاج کے بجائے سیاسی اتفاقِ رائے اور بات چیت میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت اور پیپلز پارٹی کے مابین موجود معاملات جلد باہمی رابطوں اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کر لیے جائیں گے۔









