3

19 سال بعد شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کاتاریخی دورہ

شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے 19 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان کا اہم دورہ کیا، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شامی خبررساں ادارے کے مطابق اسعد حسن الشیبانی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سیکیورٹی تعاون اور اقتصادی روابط میں اضافے پر بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ مقبوضہ جولان کے معاملے پر بھی شامی مؤقف کی حمایت کی گئی۔

پاکستان نے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

ملاقاتوں میں پاکستان اور شام کے درمیان عوامی اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی پر بھی غور کیا گیا، جبکہ دمشق یا اسلام آباد میں سرمایہ کاری فورم کے انعقاد کی تجویز بھی زیرِ بحث آئی۔

دورے کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے ممکنہ کردار سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شامی حکام کے مطابق پاکستان اور شام کے تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں اور دونوں ممالک علاقائی استحکام، سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔