4

مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر اپوزیشن اتحاد کا اہم اجلاس جاری

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اپوزیشن اتحاد کا پہلا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں حکومت کے رویے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال اور جیل منتقلی سمیت آئندہ سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی جارہی ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا، عامر ڈوگر، خیبر پختونخوا کے پی ٹی آئی صدر جنید اکبر، اسد قیصر، سینیٹر دلاور اور شاہد خٹک شریک ہیں۔

جے یو آئی کے رہنما کامران مرتضیٰ اور مولانا عبد الواسع بھی اجلاس میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کی اسپتال منتقلی اور بعد ازاں جیل واپس بھیجے جانے کے معاملے پر حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ اپوزیشن کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی گفتگو جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت کے ساتھ آئندہ سیاسی معاملات، اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن اتحاد کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی ملاقات میں اتحاد کے قیام پر اتفاق ہوا ہے جبکہ آئندہ کا لائحہ عمل باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔

اپوزیشن اتحاد کے اس پہلے اجلاس کو آئندہ سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے، جس میں مختلف جماعتوں کے درمیان مشترکہ مؤقف اور آئندہ اقدامات طے کیے جانے کا امکان ہے۔