4

ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر موجود ہے۔ اس کے باعث 21 سے 23 اگست کے دوران کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں 21 اگست کی شام یا رات سے 23 اگست کی صبح تک بارش ہوسکتی ہے۔

22 اگست کو سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 21 سے 23 اگست کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 21 اور 22 اگست کو بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔