3

جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کا چوتھا روز: راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند

راولپنڈی/اسلام آباد: جڑواں شہروں میں مسلسل چوتھے روز بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے پر ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

بارش کے نتیجے میں اب تک 113 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ ایم ڈی واسا عزیز اللہ کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 8 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 6 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ عملہ شہر بھر کے نکاسی آب کے نظام کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ واسا حکام نے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر ہیلپ لائن 1334 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب گجرات، سرائے عالمگیر، جلال پور جٹاں اور کھاریاں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آنے سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ اس کے علاوہ جہلم، وزیر آباد، ٹیکسلا، گوجر خان اور میرپور آزاد کشمیر سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔