9

بیرسٹر گوہر کا وزیر اعظم کی مذاکرات کی پیشکش کا خیر مقدم: 'پیشکش کو صرف زبانی حد تک نہ رکھیں، عملی اقدامات کئے جائیں

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس بار بات چیت کو صرف زبانی پیشکش تک محدود رکھنے کے بجائے سنجیدہ اور عملی اقدامات کی طرف آگے بڑھے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کبھی کوئی غیر ذمہ دارانہ قدم نہیں اٹھائے گی، اور جماعت اقتدار کی شراکت داری (پاور شیئرنگ) کے بجائے محض اصولوں اور آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے سیاسی ہم آہنگی کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ مثبت بیانات پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ انہیں اس سلسلے میں تاحال کوئی حتمی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم عدالتی احکامات کی روشنی میں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے دہرایا کہ سیاسی تعطل کو ختم کرنے کے لیے بامقصد ڈائیلاگ ضروری ہے کیونکہ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے سے ہی ملک کے موجودہ بحرانوں کا حل ممکن ہے۔