5

امریکی سفیر کے کشمیر سے متعلق بیان پر پاکستان کا سخت ردعمل، امریکی ناظم الامور دفتر خارجہ طلب

بھارت میں تعینات امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر پاکستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے ڈیمارش کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی سفیر کے غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ریمارکس پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے والے امریکی سفیر کے بیان کو پاکستان سختی سے مسترد کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق کشمیر سے متعلق حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا باقی ہے۔

پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی سفیر کا بیان امریکا کے دیرینہ مؤقف اور بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کشمیر کے معاملے پر ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے۔

پاکستان نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔