8

اسلام آباد اور سیالکوٹ میں بارش: فلائٹ آپریشن درہم برہم، 44 پروازیں منسوخ اور 62 شدید تاخیر کا شکار

اسلام آباد اور سیالکوٹ میں ہونے والی موسلادھار بارش اور خراب موسم کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں 44 ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ جبکہ 62 پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق مختلف ہوائی اڈوں پر مسافروں کو 15 گھنٹے تک کی شدید تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں اسلام آباد کی 18، لاہور کی 13، کراچی کی 12، ملتان کی 6، پشاور اور سیالکوٹ کی 5، 5 جبکہ فیصل آباد کی 3 پروازیں شامل ہیں۔ بین الاقوامی روٹس پر جدہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 741 میں 15 گھنٹے، مدینہ سے پرواز پی کے 714 میں 11 گھنٹے، اسلام آباد دبئی کی پرواز پی اے 210 میں 13 گھنٹے اور پی اے 216 اور 217 میں 5 گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ دبئی اور ابوظہبی سے سیالکوٹ آنے والی 5 پروازیں 3 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ اندرونِ ملک کراچی تا لاہور فلائٹ پی اے 406 اور اسلام آباد کی پروازیں پی اے 201 اور 9P679 بھی 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو سکیں۔ پروازوں کی منسوخی اور طویل تاخیر کے باعث ہوائی اڈوں پر مسافروں کو شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔