4

بھارت: اسکول کے کھانے میں نمک کے بجائے ڈیٹرجنٹ ڈال دیا گیا، 40 طلبہ کی حالت بگڑ گئی

بھارتی ریاست بہار کے ضلع نالندہ کے ایک اسکول میں مڈ ڈے میل کے دوران نمک کی جگہ غلطی سے ڈیٹرجنٹ پاؤڈر کھانے میں شامل ہونے سے 40 طلبہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسکول میں فراہم کیے جانے والے مڈ ڈے میل میں طلبہ نے سبزی میں نمک کم ہونے کی شکایت کی، جس پر مبینہ طور پر نمک کی جگہ ڈیٹرجنٹ پاؤڈر کھانے میں شامل کردیا گیا۔

اسکول ٹیچر کے مطابق مڈ ڈے میل دوسرے اسکول سے فراہم کیا گیا تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ڈیٹرجنٹ پاؤڈر کھانے کی اشیا کے قریب کیسے رکھا گیا اور اسے نمک سمجھ کر کھانے میں کیسے شامل کیا گیا۔

کھانا کھانے کے بعد متعدد طلبہ نے پیٹ میں درد اور الٹی کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ مڈ ڈے میل کی تیاری اور فراہمی کے دوران غفلت کیسے ہوئی۔