خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی میڈیکل رپورٹ پر دیا گیا فیصلہ ایک آزاد عدلیہ کا انصاف پر مبنی فیصلہ ہے، جس پر حکومت کا کوئی اعتراض نہیں بنتا۔
نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام 'آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالت نے میرٹ پر فیصلہ سنایا ہے اور جس میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر یہ حکم سامنے آیا اس میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نے عدالت کو جو یقین دہانیاں کرائی ہیں، ان کی مکمل پاسداری کی جائے گی۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج کی کال تاحال برقرار ہے، تاہم پارٹی قیادت اور اتحادی جماعتوں کے باہمی مشورے کے بعد آئندہ کا حتمی لائحہ عمل مرتب کر کے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت تک شفا اسپتال منتقل کرنے، ان کے معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور اسپتال کی حدود میں امن و امان یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔









