6

1200 کلو مردہ مرغیاں فروخت کرنے کا مقدمہ: لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے 1200 کلو گرام مردہ مرغیاں فروخت کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کی درخواستِ ضمانت ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس غلام سرور نے ملزم تنویر مسیح کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے وکیل عمران عارف رانجھا نے عدالت میں پیش ہو کر ضمانت کی سخت مخالفت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس غلام سرور نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک باقاعدہ مافیا ہے جو شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے، اور ایسے ملزمان کو ریلیف دے کر معاشرے کو گھناؤنے جرائم کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

عدالت نے پولیس کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ تفتیشی افسران بروقت تفتیش مکمل نہیں کرتے جس کا فائدہ ملزمان اٹھاتے ہیں، لہٰذا ایسے حساس کیسز میں ترجیحی بنیادوں پر بلا تاخیر تفتیش مکمل کی جانی چاہیے۔ ملزم کے وکیل کے مطابق فوڈ اتھارٹی نے آٹھ ماہ قبل ملزم کو گرفتار کیا تھا لیکن تھانہ بلوچنی فیصل آباد پولیس نے تاحال چالان مکمل نہیں کیا، تاہم عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔