6

پختونخوا میں بدامنی پر حکمرانوں کی بے حسی افسوسناک ہے، میاں افتخار حسین کا اے این پی کابینہ اجلاس سے خطاب

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس باچا خان مرکز میں صوبائی صدر میاں افتخار حسین کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال، امن و امان کے بحران، آئینی حقوق اور تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کے باوجود حکمرانوں میں سنجیدگی کا فقدان ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں قیامِ امن میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جب نیشنل ایکشن پلان دہشتگردی کے خلاف متفقہ لائحہ عمل ہے تو اس پر مکمل عملدرآمد کی راہ میں کون رکاوٹ بن رہا ہے۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے صوبے کے مالی اور انتظامی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبائی وسائل، بجلی، گیس اور این ایف سی ایوارڈ کی عدم فراہمی صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ نئے صوبوں کی بحث کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر سانحہ کبل کے شہداء، بلوچستان میں جاں بحق مزدوروں اور شہید پولیس اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔