6

ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ دیگر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع بشمول پشاور، مردان، سوات اور ہزارہ ڈویژن، نیز پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، البتہ ساحلی اور شمال مشرقی پٹی پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے 20 اگست تک شدید بارشوں کے پیشِ نظر اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا انتباہ جاری کیا ہے۔ مزید برآں مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔