2

گڈز ٹرانسپورٹرز ہڑتال ختم کریں، مذاکرات سے مسائل حل کریں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گڈز ٹرانسپورٹرز سے ہڑتال ختم کرکے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت برآمدات میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ برآمدی سامان کی ترسیل میں خلل ڈالنا کسی صورت ملکی مفاد میں نہیں۔ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات درست ہوں یا غلط، احتجاج کا ایسا طریقہ اختیار نہیں کیا جانا چاہیے جس سے ملکی برآمدات متاثر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث ملکی برآمد کنندگان کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ پاکستان کو اس وقت ایک ایک ڈالر کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ برآمدات حکومت کی قومی ترجیح اور ایمرجنسی ہیں، اس لیے ایکسپورٹ کے راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ملکی مفاد میں نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل سنے گی اور مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کیا جائے گا، تاہم ہڑتال کسی مسئلے کا مستقل حل نہیں۔

انہوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ ملکی برآمدات اور معیشت کو نقصان سے بچانے کے لیے ہڑتال ختم کرکے مذاکرات کی میز پر آئیں۔