3

پٹرولیم قیمتوں اور لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے شروع

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا کراچی، لاہور اور پشاور میں احتجاج جاری ہے۔

کراچی: جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی کا آغاز خضرا مسجد سے ہوا، جو کراچی پریس کلب روڈ سے گورنر ہاؤس کی جانب روانہ ہوئی۔ ریلی میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

انتظامیہ کی جانب سے گورنر ہاؤس جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے گئے، جس کے باعث امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی قیادت میں ریلی کے شرکا نے فوارہ چوک پر دھرنا دے دیا۔

پشاور: پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا بھی شروع ہوگیا۔ امیر جماعت اسلامی وسطی خیبرپختونخوا عبدالوسع نے کہا کہ پٹرولیم لیوی ظالمانہ نظام ہے جس کے باعث عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال وفاقی حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 1205 ارب روپے وصول کیے، جبکہ یہ لیوی کسانوں، مزدوروں اور عام شہریوں پر اضافی بوجھ ہے۔

لاہور: جماعت اسلامی نے چیئرنگ کراس پر احتجاجی کیمپ قائم کردیا۔ کارکنان مسجد شہدا سے ریلی کی صورت میں چیئرنگ کراس پہنچے، جہاں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔

احتجاج کے پیش نظر چیئرنگ کراس پر پولیس کی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے اور پٹرولیم لیوی ختم یا کم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ پٹرولیم لیوی کا اضافی بوجھ براہ راست عام شہریوں، کسانوں اور مزدوروں کو متاثر کررہا ہے۔