4

خیبر پختونخوا: تعلیمی اداروں کے لیے سال 2026ء کی گرمائی و سرمائی تعطیلات اور سمر کیمپس کے شیڈول کا اعلان

حکومتِ خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے لیے سال 2026ء کی گرمائی اور سرمائی تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گرم اور سرد علاقہ جات کے تعلیمی اداروں کے لیے تعطیلات کا جداگانہ شیڈول مقرر کیا گیا ہے۔

محکمے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گرم علاقہ جات (سمر زون) کے پرائمری اسکولوں میں یکم جون 2026ء سے 31 اگست 2026ء تک چھٹیاں ہوں گی، جبکہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے لیے 15 جون سے 16 اگست 2026ء تک تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سرد علاقہ جات (وینٹر زون) کے تمام اسکولوں میں یکم جولائی سے 31 جولائی 2026ء تک ایک ماہ کی چھٹیاں رہیں گی۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ گرم علاقے کے اسکولوں میں جون کے مہینے کے دوران پیر سے جمعرات تک مخصوص اوقات کے تحت سمر کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ پرائمری اور مڈل کلاسز کے سمر کیمپس صبح 7:00 بجے سے 9:00 بجے تک ہوں گے، جن میں انگریزی، سائنس، ریاضی اور اردو کی تدریس شامل ہے۔ جبکہ ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں سائنس، کمپیوٹر اور آرٹس کے گروپس کے لیے تعلیمی دورانیہ صبح 7:00 بجے سے 9:40 بجے تک رہے گا۔

محکمہ تعلیم نے واضح ہدایت کی ہے کہ کسی بھی صورت روزانہ کا تعلیمی دورانیہ صبح 10:00 بجے سے تجاوز نہیں کرے گا۔ اسکول کے سربراہان کو طلبہ کی تدریسی ضرورت کے مطابق مضامین یا اوقات میں جزوی تبدیلی کا اختیار ہوگا، تاہم کل وقت کم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، سیکنڈری و ہائر سیکنڈری تعلیمی بورڈز کے تحت عملی امتحانات دینے والے طلبہ کو امتحان والے دنوں میں سمر کیمپ میں حاضری سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔