2

اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارشوں کی پیشگوئی: پی ڈی ایم اے کا لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، آزاد کشمیر، اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں شام کے وقت بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت میں معمول سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اور ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد ہے۔

دوسری جانب، کراچی کا موسم زیادہ تر ابر آلود اور مرطوب رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں بونداباندی کی توقع ہے۔ شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت جنوب مغرب کی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم شامل ہیں، میں 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ درپیش ہو سکتا ہے۔ اس ضمن میں تمام انتظامی اداروں کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی راستوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔