محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 13 سے 15 اگست کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی بالائی علاقوں کو متاثر کررہا ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق کشمیر، وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح بالائی خیبرپختونخوا کے دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلیات، بونیر، باجوڑ، مہمند، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہری پور، کرم اور خیبر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
شمال مشرقی پنجاب کے مری، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اگست کی شام یا رات سے 15 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
اس کے علاوہ سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی 12 سے 15 اگست کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے جنوب مشرقی اور ساحلی علاقوں میں 12 اور 13 اگست کو مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاط کریں اور خراب موسم کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کریں۔









