لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو 14 اگست سے دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس پہلے لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی کے درمیان چلائی جاتی تھی، تاہم قلعہ ستار شاہ اور مسن کالر ریلوے پل سیلابی پانی سے متاثر ہونے کے باعث ٹرین سروس معطل کردی گئی تھی۔
حکام کے مطابق 14 اگست سے شالیمار ایکسپریس کا روٹ تبدیل کردیا جائے گا اور ٹرین اب لاہور سے براستہ ساہیوال کراچی جائے گی۔
ریلوے حکام نے شالیمار ایکسپریس کے لیے 5 اسٹاپس بھی مقرر کیے ہیں، جن میں کوٹ لکھپت، رائے ونڈ، اوکاڑہ، ساہیوال اور صادق آباد ریلوے اسٹیشن شامل ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ شالیمار ایکسپریس کی بحالی سے لاہور اور کراچی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو سفری سہولت میسر آئے گی جبکہ نئے روٹ کے باعث ٹرین سروس معمول کے مطابق جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔









