3

خیبرپختونخوا پولیس کی آپریشنل استعداد کار میں اضافہ: جدید ڈریگون اے پی سیز، جدید گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں اضلاع کو فراہم

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور بالخصوص دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں اہلکاروں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنانے کے لیے جدید ڈریگون اے پی سیز ، مختلف اقسام کی بلٹ پروف اور آپریشنل گاڑیاں، فورک لفٹرز اور موٹر سائیکلیں متعلقہ اضلاع اور یونٹس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، سیکیورٹی کے لحاظ سے حساس اور دہشت گردی کے خطرات سے دوچار علاقوں میں پولیس اہلکاروں کے محفوظ سفر کے لیے جدید ڈریگون اے پی سیز ٹانک، ہنگو اور بر سوات پولیس کے سپرد کی گئی ہیں، جبکہ دیگر اے پی سیز اپر دیر اور مانسہرہ پولیس کو فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کوہاٹ اور تورغر پولیس کو جدید ریوو گاڑیاں، جبکہ پشاور، مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہائی ایس وینز مہیا کی گئی ہیں۔ سوات اور لوئر دیر کو سنگل کیبن 4×4 جبکہ ہنگو اور ٹانک کو 4×2 سنگل کیبن گاڑیاں بھی دی گئی ہیں۔ ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کے لیے مختلف اضلاع اور پولیس یونٹس میں 33 فورک لفٹرز تقسیم کیے گئے، جبکہ 25 موٹر سائیکلوں کی چابیاں بھی ضلعی افسران کے سپرد کی گئیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے اس موقع پر بتایا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں اہلکاروں کے تحفظ کے لیے گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کے ساتھ جدید اے پی سیز کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ صوبائی پولیس کی 84 اے پی سیز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور مزید محفوظ بنانے کے لیے اپ گریڈیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ آئی جی پی کے مطابق، جدید گاڑیوں اور فورک لفٹرز کی فراہمی سے شاہراہوں پر ٹریفک نظم و ضبط بہتر ہوگا، عوام تک پولیس کی بروقت رسائی ممکن ہو سکے گی اور صوبے میں دیرپا امن و امان کے قیام اور مؤثر پولیسنگ میں مدد ملے گی۔