محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، لاہور اور قصور میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، تاہم کئی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ بعض اوقات تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی اور میدانی علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کی توقع ہے۔









