الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر کے انتخابی حلقوں ایل اے 15 باغ اور ایل اے 16 کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد دونوں حلقوں کے مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 15 اگست کو دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔
حکام کے مطابق ایل اے 15 باغ کے 9 پولنگ اسٹیشنز جبکہ ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز دوبارہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ایل اے 15 باغ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 114، 135، 143، 144، 145، 146، 147، 148 اور 186 بھی ری پولنگ میں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کو ری پولنگ کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دوبارہ پولنگ کے دوران انتخابی عمل کو شفاف، غیرجانبدار اور پرامن رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کے نتائج دونوں حلقوں کے حتمی انتخابی نتائج پر اثرانداز ہوسکتے ہیں، جس کے باعث ری پولنگ کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایل اے 17 حویلی سے فیصل ممتاز راٹھور 31 ہزار 839 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔









