14

پاکستان اور امریکا کے درمیان 5 سالہ تعلیمی معاہدہ طے پاگیا

پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے 5 سالہ شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔

امریکی تعلیمی فاؤنڈیشن پاکستان (USEFP) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تبادلے کے پروگرامز کو وسعت اور معاونت فراہم کی جائے گی، جن میں معروف فل برائٹ اسکالرشپ پروگرام بھی شامل ہے۔

معاہدے کے مطابق پاکستان اور امریکا کی حکومتوں کے مشترکہ تعلیمی عزم کے تحت اعلیٰ تعلیم کے مواقع کے ذریعے باہمی معاشی خوشحالی، سلامتی اور سائنسی و تکنیکی ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔

معاہدے پر اسلام آباد میں USEFP کے ہیڈکوارٹرز میں دستخط ہوئے۔ USEFP کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس شراکت داری کے تحت معاونت حاصل کرنے والے پروگرامز دونوں ممالک کے مستقبل کے قائدین، اسکالرز اور ماہرین کی صلاحیتیں نکھارنے میں کردار ادا کریں گے۔

معاہدے کے نتیجے میں پاکستانی طلبہ اور اسکالرز کو امریکی تعلیمی نظام اور اعلیٰ تعلیمی مواقع تک مزید رسائی حاصل ہوگی، جس سے پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں استعداد اور صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ پاکستان آنے والے امریکی شہری جدید تحقیق، کاروباری سرگرمیوں اور صحت عامہ کے منصوبوں میں تعاون کریں گے، جس سے امریکی جامعات، کاروباری اداروں اور عوام کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔