کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل عامر رضا کو قومی خدمات کے اعتراف میں نشانِ امتیاز ملٹری سے نواز دیا گیا۔
ایوانِ صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدرِ مملکت نے جنرل عامر رضا کو اعلیٰ عسکری اعزاز عطا کیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس نے شرکت کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کے دوران جنرل عامر رضا کی قومی خدمات اور اہم ذمہ داریوں کے اعتراف میں انہیں نشانِ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 24 جولائی 2026 کو لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو 4 اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ گزشتہ سال 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا تھا۔ ترمیم کے نتیجے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کرکے جوہری امور سے متعلق ذمہ داریوں کیلئے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا نیا انتظام متعارف کرایا گیا۔
27ویں آئینی ترمیم کے تحت نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کی تقرری، دوبارہ تقرری اور مدت میں توسیع چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش سے مشروط ہے۔
گزشتہ سال فیلڈ مارشل عاصم منیر، جو چیف آف آرمی اسٹاف بھی ہیں، 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر ہوئے تھے۔









