کوئٹہ (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ سمیت دیگر صوبائی و مقامی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ وہ ن لیگ کے سیاسی پلیٹ فارم سے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور حقوق کی پاسداری کے لیے بھرپور خدمات سرانجام دیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور بالخصوص اقلیتوں کے آئینی و سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے خلیل جارج کو پارٹی میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خلیل جارج کا وسیع عوامی و سیاسی تجربہ جماعت کی تنظیم سازی اور عوامی مسائل کے حل میں انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں جمال شاہ کاکڑ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے کی ترقی و بہتری کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ تاہم کابینہ میں ممکنہ ردوبدل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے حتمی معلومات فی الحال ان کے پاس نہیں اور کوئی بھی فیصلہ متعلقہ پارٹی اور سرکاری فورمز سے ہی سامنے آئے گا۔









