وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے امریکی ناظم الامور کو اپنے حالیہ دورہ واشنگٹن کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے امریکی وزیر خزانہ، آئی ایم ایف کی اعلیٰ انتظامیہ، امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے حکام سے ہونے والی ملاقاتوں اور بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی فریم ورک کے حوالے سے امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے ساتھ حالیہ رابطوں پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان باہمی مفاد کی بنیاد پر اس فریم ورک کو آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں سرگرمیوں اور فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے کیلئے حکومتی کوششوں سے بھی امریکی ناظم الامور کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں بندرگاہوں اور لاجسٹکس، توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نیٹلی بیکر نے حالیہ علاقائی تنازع اور اس کے اقتصادی اثرات، بالخصوص توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود اقتصادی و مالیاتی استحکام برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے بدلتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور سرمایہ کاری میں سہولت پیدا کرنے اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی آمادگی پر زور دیا۔
امریکی ناظم الامور نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں امریکا کی مسلسل دلچسپی کا اظہار کیا۔









