6

بلوچستان کے 3 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات، 6 نشستوں پر پولنگ جاری

بلوچستان کے تین اضلاع ژوب، لورالائی اور سبی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت میونسپل کمیٹیز اور یونین کونسلز کی 6 جنرل نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر 19 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ متعلقہ حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 ہزار 546 ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ووٹرز میں 2 ہزار 942 مرد اور 2 ہزار 604 خواتین شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز کی سہولت کیلئے مجموعی طور پر 8 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 2 مردوں، 2 خواتین اور 4 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔

سکیورٹی انتظامات کے تحت 6 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جبکہ 2 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ انتخابی عمل کی نگرانی کیلئے ضروری انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔