7

لانگ مارچ بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں، ان تک رسائی کے لیے ہوگا: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آئندہ لانگ مارچ کا بنیادی مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی آئین و قانون کے مطابق ہی عمل میں آئے گی۔

جیو نیوز کے پروگرام "نیا پاکستان" میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ 27 ستمبر کو شروع ہونے والے لانگ مارچ کی قیادت وہ خود کریں گے۔ یہ کوئی ایک روزہ احتجاجی مظاہرہ نہیں ہوگا بلکہ اس بار اسلام آباد پہنچ کر مطالبات کی منظوری تک واپسی نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس احتجاجی تحریک کا فیصلہ پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اس تحریک میں متحرک انداز میں شامل رہیں گی۔ لانگ مارچ کی تاریخ میں تاخیر سے متعلق سوال پر انہوں نے وضاحت کی کہ موسم کی تبدیلی اور مکمل تیاریوں کے لیے وقت درکار تھا، اسی لیے 27 ستمبر کا انتخاب کیا گیا ہے۔