پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل، ٹول ٹیکس اور مبینہ طور پر بے جا جرمانوں کے خلاف 8 اگست سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
مرکزی صدر پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن تنویر جٹ نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہڑتال سے قبل ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کیے جائیں، کیونکہ پہیہ جام ہونے کی صورت میں ملک میں درآمدات اور برآمدات کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی روزانہ کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر کی جائے جبکہ ٹول ٹیکس اور غیر ضروری جرمانوں کے معاملے پر بھی نظرثانی کی جائے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اویس گجر نے کہا کہ ایکسل لوڈ لمٹ کا فیصلہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے، جبکہ اس معاملے میں مبینہ رشوت کے مسائل ختم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ٹول ٹیکس کی مد میں بھاری رقم ادا کرتے ہیں، تاہم اس کے مقابلے میں انہیں مناسب سہولیات نہیں ملتیں، سڑکوں کی خراب حالت حادثات کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔
ٹرانسپورٹر رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سڑکوں پر موجود بعض اہلکار ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا کرواتے ہیں اور جرمانوں کے ذریعے مسائل بڑھائے جا رہے ہیں۔
خالد آرائیں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز احتجاج پر مجبور ہیں، جبکہ دیگر ممالک میں ٹرانسپورٹ شعبے کو سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہو تو مسائل چند گھنٹوں میں حل کیے جا سکتے ہیں، تاہم مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔









