وزیراعظم شہباز شریف کا آئندہ چند روز میں سعودی عرب کا اہم دورہ متوقع ہے، جس کے دوران ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 6 اگست کو سعودی عرب روانہ ہو سکتے ہیں، جبکہ دورہ ایک یا دو روز پر مشتمل ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے سمیت اہم علاقائی امور بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔









