نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر اردن روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار 5 اگست 2026 کو منعقد ہونے والے اہم وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم فلسطینی عوام اور ان کے جائز حقوق کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور عالمی سطح پر امن و انصاف کے قیام کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔









