3

آزاد کشمیر انتخابات ملتوی ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے 10 اگست کو ہونے والے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ اور سدھنوتی کے بعض حلقوں میں پولنگ ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پونچھ ڈویژن کے تمام حلقوں میں پولنگ مقررہ شیڈول کے مطابق 10 اگست کو ہی ہوگی۔

ترجمان نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور مقررہ تاریخ پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پولنگ شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو الیکشن کمیشن کی جانب سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر پونچھ اور سدھنوتی کے بعض حلقوں میں انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں، جن کے بعد الیکشن کمیشن نے وضاحت جاری کی۔

یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے پہلے دو مراحل میں دو ڈویژنز میں پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے حلقوں میں ووٹنگ 10 اگست کو شیڈول کے مطابق ہوگی۔