چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ موجودہ نظام عوام کا اعتماد کھو چکا ہے اور اب سسٹم کو ری سیٹ کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک اہم حکومتی اتحادی نے وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قرار دیا، جبکہ پیپلز پارٹی کو بھی دھاندلی زدہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحادی کے بیان کے بعد وزیراعظم کو فوری طور پر اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے تھا، تاہم وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام رہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ اعتماد ختم ہو چکا ہے، جبکہ پورا حکومتی ڈھانچہ عملی طور پر متاثر ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئینی، قانونی اور جمہوری اعتبار سے اپنی حیثیت کھو چکی ہے، ایسے حالات میں مزید حکومتیں بنانے کے بجائے عوام سے رجوع کیا جانا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدم اعتماد لانے کا آئینی طریقہ موجود ہے، اتحادیوں سے مشاورت کریں گے اور قومی مفاد میں سیاسی بحران کے حل کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کے عوامی مطالبات پر ایوان کو سنجیدگی سے پیش رفت کرنا ہوگی، تاہم یہ سوال موجود ہے کہ سسٹم کو ڈیفالٹ موڈ تک کس نے پہنچایا۔









