2

شمالی وزیرستان میں گیس ذخائر: اسپن وام گیس کی تجارتی فروخت کے لیے بولی کا عمل مکمل

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام سے دریافت ہونے والی قدرتی گیس کی تجارتی فروخت کی جانب ایک بڑی اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گیس کی فروخت کے لیے بولی کا شفاف عمل مکمل ہونے کے بعد ماری انرجیز لمیٹڈ نے کامیاب بولی دہندہ کو باضابطہ لیٹر آف ایوارڈ جاری کر دیا ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے اپنے سرکاری اعلامیے میں ماری انرجیز نے بتایا کہ اسپن وام گیس فیلڈ سے حاصل ہونے والی گیس کی فروخت کے لیے 15 مئی 2026ء کو ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔ شفاف اور مسابقتی بولی کے عمل کے اختتام پر 'یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی' کو گیس کی خریداری کا حق دیتے ہوئے لیٹر آف ایوارڈ سونپ دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسپن وام گیس فیلڈ سے روزانہ 17.5 ملین مکعب فٹ گیس فروخت کی جائے گی۔ ماری انرجیز نے یہ بھی واضح کیا کہ گیس کی یہ فروخت اور ترسیل حکومتِ پاکستان کے 7 جنوری 2025ء کو جاری کردہ 'فریم ورک فار سیل آف گیس ٹو تھرڈ پارٹیز' کے وضع کردہ اصول و ضوابط کے عین مطابق انجام دی جائے گی۔