4

آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے کی پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی کا شروع

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں تاخیر، انتخابات کے التوا، سیاسی الزامات اور سکیورٹی سے متعلق واقعات بھی سامنے آئے۔

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق ووٹرز کی بڑی تعداد کے پیش نظر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کی گئی، جس کے بعد شام 6 بجے پولنگ کا عمل مکمل ہوا۔

دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ تاہم موسم کی خرابی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حلقہ ایل اے 27 کے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عمل ملتوی کر دیا گیا کیونکہ پولنگ عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا۔

دریں اثنا وادی نیلم کے علاقے اٹھمقام میں ووٹ ڈال کر واپس آنے والے افراد کی گاڑی بجلی کی تار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 7 خواتین اور ایک ڈرائیور شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سیاسی محاذ پر بھی انتخابی دن خاصا گرم رہا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے بعض حلقوں میں دھاندلی اور انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو باضابطہ شکایتی خط ارسال کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھائے اور واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ادھر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کا انعقاد پرامن انداز میں جاری رہا اور دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے اور کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔ انہوں نے انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے بھی متعلقہ حکام کو خط لکھنے کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین نے بھی اپنی مخصوص نشستوں پر حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابی نتائج کا اعلان ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد مرحلہ وار کیا جائے گا۔