پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے میں جاری مون سون بارشوں اور دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ فی الوقت نارمل سطح پر ہے۔ دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج کے تمام بیراجز پر صورتحال معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ریکارڈ کی گئی ہے جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار کیوبک سیکنڈ ہے۔ اس کے علاوہ نالہ ایک اور بئیں میں نچلے درجے جبکہ وزیر آباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، جس کے باعث بالائی کیچمنٹس اور مشرقی دریاؤں سے ملحقہ نالوں میں فلیش فلڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے دریاؤں کے پاٹ میں مقیم شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی، فلڈ ریلیف کیمپس کے قیام اور عوام کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔









