چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے انتخابی شیڈول کے دوران گریڈ 19 کی پوسٹ کی منتقلی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صنعت و تجارت سے دو روز میں وضاحت طلب کرلی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پابندی کے باوجود تبادلوں اور تقرریوں کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میرپور سے مظفرآباد گریڈ 19 کی پوسٹ کو بجٹ سمیت منتقل کرنے کی سمری منظور کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایک جونیئر افسر کی خواہش پر سامنے آیا، جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے تحریری نوٹس جاری کیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ حکام سے معاملے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سمری فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر مزید کارروائی کا امکان ہے۔









