3

ملک بھر میں مون سون کی زوردار آمد

محکمہ موسمیات نے ملک میں جاری مون سون کے سیزن کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے شہریوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ پنجاب بھر میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

پنجاب: لاہور میں مغلپورہ سب سے آگے، فیروزوالا میں شہری چھتوں پر منتقل

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت نارووال، شکر گڑھ، سرائے عالمگیر اور فیروزوالا میں موسلادھار بارش ہوئی۔ فیروزوالا میں سڑکوں پر 7 سے 8 فٹ تک پانی جمع ہو گیا جو گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے شہریوں نے چھتوں پر پناہ لے لی۔

لاہور میں تیز بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث حبس کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

واسا لاہور کے جاری کردہ ارقام و شمار:

  • مغلپورہ: 44.4 ملی میٹر (سب سے زیادہ)

  • تاجپورہ: 38.6 ملی میٹر

  • جوہر ٹاؤن: 26.8 ملی میٹر

  • چوک ناخدا: 20.2 ملی میٹر

  • پانی والا تالاب: 19.8 ملی میٹر

  • لکشمی چوک: 15.8 ملی میٹر

  • مناواں: 13.2 ملی میٹر

  • شادی پورہ: 7.4 ملی میٹر

  • نشتر ٹاؤن: 4.4 ملی میٹر

  • اپر مال: 1.8 ملی میٹر

  • فرخ آباد: 1 ملی میٹر

  • سگیاں: 0.2 ملی میٹر

ایم ڈی واسا غفران احمد نکاسیٔ آب کے آپریشن کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

اسلام آباد: آندھی اور تیز بارش کا امکان، شہریوں کے لیے الرٹ

وفاقی دارالحکومت میں موسم گرم اور مرطوب ہے جبکہ دوپہر اور شام کے اوقات میں گرج چمک، آندھی اور تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34°C اور کم سے کم 26°C تک رہنے کی توقع ہے۔

کراچی: مطلع ابر آلود، 31 جولائی سے باقاعدہ بارش کا امکان

شہرِ قائد میں فی الوقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران باقاعدہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی 78 فیصد ہے اور 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوائیں چل رہی ہیں۔ کراچی کی فضائی کیفیت تسلی بخش قرار دی گئی ہے جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پرٹیکولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔