2

آزاد کشمیر انتخابات: الیکشن کمیشن نے 13 حلقوں کے حتمی نتائج جاری کر دیے

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے حتمی نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جس میں مسلم لیگ (ن) نے میرپور ڈویژن میں واضح کامیابی حاصل کرتے ہوئے میدان مار لیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن کے تمام 13 حلقوں کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 9 نشستیں حاصل کیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔

نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے ون میرپور ون سے مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے ٹو میرپور ٹو سے پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے کامیابی حاصل کی۔

ایل اے تھری میرپور تھری سے پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان اور ایل اے فور میرپور فور سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد کامیاب ہوئے۔

بھمبر کے حلقوں میں ایل اے فائیو بھمبر ون سے مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور، ایل اے سکس بھمبر ٹو سے محمد رزاق چوہدری اور ایل اے سیون بھمبر تھری سے طارق فاروق نے کامیابی حاصل کی۔

کوٹلی کے حلقوں میں ایل اے ایٹ کوٹلی ون سے پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے نائن کوٹلی ٹو سے مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم نے میدان مارا۔

ایل اے ٹین کوٹلی تھری سے پیپلز پارٹی کے محمد یاسین چوہدری کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے الیون کوٹلی فور، ایل اے ٹویلو کوٹلی فائیو اور ایل اے تھرٹین کوٹلی سکس سے بالترتیب مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف، محمد ریاست خان اور ایاز احمد کامیاب قرار پائے۔

حتمی نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) نے میرپور ڈویژن میں مضبوط سیاسی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی بھی چار نشستوں کے ساتھ اہم اپوزیشن قوت کے طور پر سامنے آئی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ نتائج آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی سمت پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔