17

لاہورمیں پی ٹی آئی رہنما چوہدری عبداللہ طاہر فائرنگ سے جاں بحق

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری عبداللہ طاہر کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق چوہدری عبداللہ طاہر اپنی رہائش گاہ گلبرگ سے معمول کے طبی معائنے کے لیے اسپتال جا رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں چوہدری عبداللہ طاہر شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران کے مطابق حملہ آوروں نے چار گولیاں چلائیں، مقتول کا تعلق اوکاڑہ سے تھا اور وہاں ان کی پرانی دشمنی بھی سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔