اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں 29 جولائی سے مون سون کا ایک طاقتور سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، تیز ہواؤں، گرج چمک اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 28 جولائی سے قبل سیلابی صورتحال پیدا کرنے والی شدید بارشوں کا امکان نہیں، تاہم 29 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون سسٹم اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریاؤں کی مجموعی صورتحال فی الحال قابو میں ہے، تاہم دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ، جہلم اور کابل میں اس وقت کم درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب اور راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے۔ دریائے سندھ آئندہ 48 گھنٹوں تک کم درجے کی سیلابی صورتحال میں رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 107 ملی میٹر جبکہ گجرات میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔









