13

آزاد کشمیر انتخابات میں فائرنگ، بلاول بھٹو نے فائرنگ کا الزام ن لیگ پر عائد کردیا

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 9 کوٹلی نکیال میں پیپلز پارٹی کارکن مختار یونس کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے کی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ حکام کہاں ہیں اور الیکشن کمیشن اس معاملے پر کیا اقدامات کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دو روز قبل بھی سردار عمیر نعیم اور ان کے ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ کی ویڈیو سامنے آئی تھی، اگر اس وقت کارروائی کی جاتی تو آج ایک قیمتی جان ضائع نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی نے بھی الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں ن لیگ کارکنوں کی فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا کارکن جاں بحق ہوا۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور کچھ افراد زخمی ہوئے، تاہم مجموعی طور پر پولنگ کا عمل بہتر رہا اور انتظامات تسلی بخش تھے۔

آزاد کشمیر میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے بیانات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔