27

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا 5 اگست کو پشاور میں بڑے جلسے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 5 اگست کو شام 6 بجے پشاور ٹول پلازہ پر ہونے والا جلسہ فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوگا، جس میں نوجوانوں سمیت عوام بھرپور شرکت کریں۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ظلم، ناانصافی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف عوام کو خود آواز بلند کرنا ہوگی۔ انہوں نے جلسے کو "سیمی فائنل" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر اہم اعلانات کیے جائیں گے۔

محمد سہیل آفریدی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج کی اجازت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو ملاقاتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے اور اہل خانہ، پارٹی رہنماؤں اور ذاتی ڈاکٹروں سے رابطے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان کو انصاف نہیں مل رہا، عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، جبکہ تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کرنے کے بعد احتجاج کا راستہ باقی رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے عمران خان کے وژن کے حق میں مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت صوبے میں اسی وژن کے مطابق کام کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں، تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق حل ہونے چاہئیں۔

محمد سہیل آفریدی نے ملکی معاشی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ حکومت کی توجہ صرف سیاسی معاملات تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے نظریے پر قائم ہیں اور کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ 5 اگست کو پشاور پہنچیں کیونکہ یہ ملک کی تاریخ کا اہم وقت ہے۔