4

آزاد کشمیر انتخابات،کشمیری عوام ووٹ کی طاقت پہچانیں،علیم خان

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال ذمہ داری، شعور اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، کیونکہ ووٹ ایک امانت ہے جو آنے والی نسلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرتا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ انتخابات صرف حکومتوں کی تبدیلی کا نام نہیں بلکہ یہ خطے کی ترقی، عوامی خوشحالی اور مستقبل کے تعین کا اہم موقع ہوتے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے بہتر مستقبل کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ مقامی سطح پر آمدنی کے مؤثر ذرائع پیدا کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک آزاد کشمیر اپنی معیشت کو مضبوط نہیں کرے گا، اس وقت تک بڑے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اہداف کا حصول مشکل رہے گا۔

علیم خان نے خطے میں سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں مقامی اور بیرونی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کرسکیں، صنعت و تجارت کو فروغ ملے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی حسن اور سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے، اس لیے سیاحت کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دے کر خطے کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے کہا کہ ہر پانچ سال بعد عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع ملتا ہے، اس لیے ووٹ ڈالتے وقت ذاتی وابستگیوں یا وقتی نعروں کے بجائے علاقے کی ترقی، عوامی مسائل اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو مدنظر رکھا جائے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی شعور اجاگر کریں اور اپنے خاندانوں سمیت عوام کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کسی فرد کے لیے نہیں بلکہ اپنے خاندان، علاقے اور آزاد کشمیر کے بہتر مستقبل کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام امیدواروں کا انتخاب ان کی کارکردگی، دیانت داری، خدمت کے جذبے اور ترقی کے وژن کی بنیاد پر کریں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں اور ایسا فیصلہ کریں جس سے آزاد کشمیر مزید ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط بن سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوامی خدمت، معاشی استحکام، شفاف حکمرانی، روزگار کے مواقع اور آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔