442

پاکستان میں 7 لاکھ سے کم قیمت پر ملنے والی 7 گاڑیاں

لاہور(ویب ڈیسک) اپنی گاڑی کا حصول ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ اس کے پاس اپنی گاڑی ہو، جس میں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ سفر کر سکے۔ تاہم پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں، جس کی وجہ سے عام آدمی ان کو خریدنے کے صرف خواب ہی دیکھ سکتا ہے۔

لیکن یہاں ہم آپ کو ایسی گاڑیوں کے بارے میں بتائیں گے جن کی قیمتیں صرف 7 لاکھ یا اس سے بھی کم ہیں۔ ان گاڑیوں کو خرید کر اب آپ اپنی دیرینہ خواہش کو پورا کر سکتے ہیں۔

سوزوکی مہران/ سوزوکی آلٹو

سوزوکی مہران کا شمار پاکستان کی سب سے مقبول گاڑیوں میں ہوتا ہے۔ اس گاڑی کے پارٹس باآسانی دستیاب ہیں جس کی وجہ سے ان کی خرید وفروخت میں بھی صارفین کو زیادہ مشکلات پیش نہیں آتیں۔ سوزوکی کے نئے ماڈل کی قیمت تو 7 لاکھ سے زیادہ ہے لیکن 2010ء ماڈل کی سوزوکی مہران کی قمیت اس سے کہیں کم ہے۔

سوزوکی کلٹس

سوزوکی نے اپنی مشہور گاڑی کلٹس کے پرانے ماڈلز کو ختم کرکے رواں سال ہی نیا ماڈل متعارف کروایا ہے جسے صارفین بہت پسند کر رہے ہیں۔ اس ماڈل کو مینول اور آٹومیٹک دونوں میں متعارف کروایا گیا ہے۔ لیکن کلٹس کا پرانا ماڈل ابھی بھی پاکستانی سڑکوں پر رواں دواں ہے اور اسے پسند کرنے والے افراد کی تعداد کم نہیں ہوئی۔ اس پرانے ماڈل کے دلداہ افراد اپنے پسند کی سوزوکی کلٹس 7 لاکھ یا اس سے کم دام میں خرید سکتے ہیں۔

ہنڈا سوک

جب بھی کم قیمت کی فیملی کار ذہن میں آئے تو ایک ہی نام سب سے پہلے ذہن میں دوڑتا ہے وہ ہنڈا سوک سکس جنریشن ہے جسے بہترین ماڈل قرار دیا جاتا ہے۔ اس گاڑی کو خرید کر آپ اپنی پسند سے موڈیفائڈ کروا سکتے ہیں۔

نسان کلپر

نسان کلپر ایک منی ایم پی وی گاڑی ہے جسے جاپان سے امپورٹ کیا گیا ہے۔ یہ گاڑی دیکھنے میں جتنی شاندار نظر آتی ہے، اتنی ہی چلانے میں بھی ہے۔ پٹرول کی کم کھپت کی وجہ سے صارفین اس گاڑی کو بہت پسند کرتے ہیں۔ اس گاڑی کو فیملی کار بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس گاڑی میں مسافروں کی حفاظت کیلئے ایئر بیگز بھی رکھے گئے ہیں کیونکہ نئے جاپانی قوانین کے مطابق ایئر بیگز کی موجودگی بہت ضروری ہے۔ ان تمام خصوصیات کے باوجود یہ گاڑی صرف ساڑھے 6 سے 7 لاکھ کی قیمت میں مارکیٹ میں دستیاب ہے۔

ہنڈا سٹی

ہنڈا سٹی فورتھ جنریشن کا شمار کامیاب ماڈلز میں ہوتا ہے۔ اس ماڈل کو پاکستان، انڈیا اور انڈونیشیا جیسے ممالک کے شہری بہت پسند کرتے ہیں۔ اس گاڑی کی پسندیدگی کی وجہ اس کا پاورفل انجن اور آرام دہ سیٹیں ہیں جو اسے ایک مکمل فیملی کار بناتی ہے۔

ہنڈائی سینٹرو

اگرچہ ہنڈائی سینٹرو کا شمار بھی پاکستانی صارفین میں مشہور گاڑیوں میں ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود 2009ء سے اس کا کوئی نیا ماڈل مارکیٹ میں نہیں آیا۔ لیکن اس کے باوجود اس گاڑی کے چاہنے والے پاکستان میں کم نہیں ہوئے۔ اس گاڑی کی خرید وفروخت بہت آسانی سے ہوتی ہے کیونکہ اس کا انجن ناصرف طاقتور ہے بلکہ اس میں سفر کرنے والوں کو بھی آرام دہ احساس ہوتا ہے۔ ہنڈائی سینٹرو کو عام صرف 7 لاکھ سے کم قیمت پر خرید سکتے ہیں۔

ڈیٹشو میرا

ڈیٹشو میرا ایک جاپانی گاڑی ہے جو نا صرف آرام دہ ہے بلکہ اس میں پٹرول کی کھپت بھی انتہائی کم ہے۔ یہ گاڑی مارکیٹ میں آتے ہی صارفین کی اولین پسند بن چکی ہے۔ لوگ ہاتھوں ہاتھ اس گاڑی کو خرید کر اپنے گیراج کی زینت بنا رہے ہیں۔ جاپان سے درآمد کی گئی اس گاڑی کا 2007ء ماڈل عام صارف کی پہنچ میں ہے۔